300میں سے 300نمبر لینے والے لڑکے نے حیران کن طورپر دوبارہ امتحان دینے کا اعلان کردیا

نئی دہلی(نیوز ڈیسک) بھارت کے ’جوائنٹ انٹرنس ایگزامینیشن‘ (جے ای ای۔ مین)میں 100فیصد نمبر لینے والے امیدوار نے حیران کن

طور پر دوبارہ امتحان دینے کا اعلان کر دیا۔ انڈیا ٹائمز کے مطابق اس امتحان کو قبل ازیں ’آل انڈیا انجینئرنگ انٹرنس ایگزامینیشن‘ کہا جاتا تھا، جو کالجز کے مختلف پروگرامز میں داخلے کے خواہش مند طالب علموں سے لیا جاتا ہے۔نیویا ہساریا نامی اس طالب علم نے رواں سال اس امتحان میں 300میں سے 300نمبر حاصل کیے ہیں اور اس کا کہنا ہے کہ وہ دوبارہ یہ امتحان دینا چاہتا ہے کیونکہ اس سے پریکٹس بہت اچھی ہوتی ہے۔ نیویا ہساریا نے کہا کہ ”جے ای ای۔ مین میں دوسری بار شرکت کرنے سے میری ٹائم مینجمنٹ بہتر ہو گی۔بار بار یہ امتحان دینے سے میری دیئے گئے وقت میں پیپر حل کرنے کی صلاحیت میں اضافہ ہو گا۔“ رپورٹ کے مطابق 17سالہ نیویا ہساریا کا تعلق راجستھان سے ہے اور وہ پریمیئر انڈین انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی بمبئے میں داخلہ لینا چاہتا ہے۔ واضح رہے کہ نیویا ہساریا اگر دوسری بار امتحان میں 100فیصد نمبر نہیں لے پاتا، تب بھی اسے کوئی نقصان نہیں ہو گا کیونکہ دونوں امتحانات میں سے جس میں نمبر زیادہ ہوں گے وہی امتحان شمار کیا جائے گا اور اسی کی بنیاد پر نیویا ہساریا کو آگے کالج میں داخلہ ملے گا۔ جے ای ای ۔ مین کا دوسرا سیشن 21جولائی سے 30جولائی تک ہو نے جا رہا ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں